’’ عائشہ کی غلطی یہ ہے کہ ۔۔۔‘‘ بیٹی پر الزامات کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد کھل کر بول پڑیں، سب کچھ بتا دیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کے ایک بڑے ٹیچنگ ہسپتال میں فیٹل میڈیسن کے شعبے میں کام کرنے والی ڈاکٹر عائشہ علی کی کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر تقرری کردی گئی۔روزنامہ جنگ میں رئیس انصاری کی شائع رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر عائشہ نے لاکھوں کی تنخواہ چھوڑ کر اپنے ملک

میں خدمات انجام دینے کا فیصلہ کیا تھا، ان کی تقرری پر اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کنگ ایڈورڈ کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہا کہ سینڈیکیٹ اور بورڈ کی منظوری کے بعد ڈاکٹر عائشہ کی تقرری میرٹ پر ہوئی ہے اور ڈبل فیلوشپ رکھنے والی یہ واحد امیدوار تھیں۔دوسری جانب ڈاکٹر عائشہ کا کہنا ہے کہ ان کی

تقرری میرٹ پر ہوئی ، باہر سے ڈاکٹر واپس پاکستان آکر خدمت کرنا چاہیں تو ان کو خوش آمدید کہنا چائیے، انہیں اپنی تقرری کے بارے میں مختلف باتیں سن کر دل آزاری ہوئی ۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی میں گائنی کے اسپیشلائز شعبوں میں چار ڈاکٹروں کو رکھنے

جانا تھا، دو میں موزوں امیدوار نہیں ملے جبکہ ان کی بیٹی کے ساتھ ایک اور ڈاکٹر کی تقرری بھی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عائشہ کی میرٹ پر تقرری ہوئی ہے۔ کیا برطانیہ میں ایم آر سی او جی کرنے اور نیشنل ہیلتھ سروسز کے ایک بڑے ٹیچنگ ہسپتال میں بھی میری سفارش تھی؟ پتہ نہیں اس بات کو اسکینڈل بنانے کی کوشش کیوں کی جارہی ہے،عائشہ کی غلطی یہ ہے کہ وہ میری بیٹی ہے، ہمیں یہ دیکھنا چائیے کہ ڈاکٹرپاکستان آکرخدمات انجام دیں تو ان کی حوصلہ افزائی کریں۔