’’تحریک انصاف کی حکومت نے ڈھائی سال میں نئی مثال قائم کر دی‘‘

لاہور (آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوئی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف

کی حکومت نے اڑھائی برس کے دوران عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے – ہماری حکومت کا ایک بھی سکینڈل سامنے نہیں آیا جبکہ ماضی میں ہر روز کرپشن کی داستانیں منظر عام پر آتی تھیں – سابق حکمرانوں نے قومی وسائل کوذاتی نمودو نمائش پر بے دریغ استعمال کیا – سابق دور میں عوام پستے رہے اور سابق حکمران سرکاری پیسے کو مال مفت سمجھ کر خرچ کرتے رہے- وزیراعلی نے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ کے نظام سے راہ فرار اختیار کرنا دھاندلی میں ملوث ٹولے کے اندر کے خوف کو ظاہر کرتا ہے -سابق حکمران الیکشن میں شفافیت کے

مخالف ہیں – انہیں علم ہے کہ عام انتخابات شفا ف ہوئے تو ان کی رہی سہی سیاست بھی ختم ہو جائے گی- دھاندلی کرنا ان لوگوں کا وطیرہ رہا ہے -الیکٹرانک ووٹنگ کے ذریعے الیکشن کے نظام میں شفافیت آئے گی اور نتائج پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا-وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اداروں میں اصلاحات لانے کا نظام

جاری رہے گا- وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادردریشک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ جمشید اقبال چیمہ ، اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد، حاجی امتیاز احمد، اراکین پنجاب اسمبلی شہاب الدین خان ، عادل پرویز، عبدالرحمن خان، ملک اسد کھوکھر، طارق تارڑ، رائے حسن نواز اور طاہر بشیر چیمہ شامل تھے-