بشریٰ انصاری کی بہن سنبل شاہد کورونا کے باعث انتقال کر گئیں

بشریٰ انصاری کی بہن سنبل شاہد کورونا کے باعث انتقال کر گئیں - Ptv Sports

لاہور، اسلام آباد ( آن لائن، این این آئی )پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف ترین اداکارہ بشریٰ انصاری کی بہن اداکارہ ‘ سنبل شاہد ‘ کورونا کے باعث انتقال کر گئیں ہیں۔تفصیلات کے مطابق بشریٰ انصاری نے اپنی بہن کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سنبل شاہد گزشتہ ماہ سے کورونا وائرس کے باعث لاہور کے سی ایم ایچ ہسپتال میں

زیر علاج تھیں اور انہیں گزشتہ ماہ 22 اپریل کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا جو کہ آج انتقال کر گئیں ہیں۔ سنبل شاہد نے معروف ترین ڈرامے ” تاکے کی آئی گی بارات ” میں تاکے کی والدہ کا کردار نبھایا تھا اور اپنی اداکاری سے ہر کسی کو اپنی طرف متوجہ کروایا جبکہ اس کے علاوہ ان کے نام کے ساتھ ملکہ عالیہ اور عشقہ وے جیسے مقبول ڈرامے بھی جڑے ہوئے ہیں۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ بشریٰ انصاری کی والدہ بھی کورونا سے متاثر

ہیں۔دوسری جانب کوروناوبا کے باعث 108 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 18 ہزار 537 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 467 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 1205698 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 4 ہزار 198 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے

مصدقہ مریضوں کی تعداد 845,833 ہوگئی ہے۔ مثبت کیسز کی شرح 9.03 فیصد ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ88 ہزار 680 ، پنجاب میں 3 لاکھ 12 ہزار 522، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 21 ہزار 728، اسلام آباد میں 77 ہزار 065، بلوچستان میں 22 ہزار 900 ، آزاد کشمیر میں 17 ہزار 583 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 355 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت

ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد84 ہزار 172 ہے،5 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 108 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 18 ہزار 537 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 4 ہزار 397 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 743,124 ہوگئی ہے۔